ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں جے ڈی ایس کی جانب سے پٹرول اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ؛ تحصیلدار کو سونپا گیا میمورنڈم

بھٹکل میں جے ڈی ایس کی جانب سے پٹرول اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ؛ تحصیلدار کو سونپا گیا میمورنڈم

Wed, 07 Jul 2021 19:44:47    S.O. News Service

بھٹکل 7 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل جے ڈی ایس کی طرف سے بدھ کو  ملک میں بڑھتی مہنگائی بالخصوص پٹرول، ڈیزل اور  گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے  منی ودھان سودھا کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مرکزی نیز ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

احتجاجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے بھٹکل کے جے  ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے بڑھتی مہنگائی کو لے کر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ  اچھے دن آنے کا خواب دکھا کر بی جے پی نے عوام کوجو  سبز باغ دکھائے تھے، وہ اچھے دن آخر کب آئیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور گیس کے دام دن بدن بڑھتے جارہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل نے سو کے ہندسے کو بھی پار کردیاہے، غریب عوام رورہے ہیں، لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔

جے  ڈی ایس جنرل سکریٹری  کرشنا نند پائی نے میمورنڈم پڑھ کر سناتے ہوئے  ایک طرف مہنگائی  کی طرف توجہ دلائی وہیں دوسری طرف  انہوں نے کووِڈ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو حکومت کی جانب سے جو ایک لاکھ روپیوں کا معاوضہ دیا جارہا ہے، اُس رقم میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اس موقع پر جے ڈی ایس کی طرف سے ریاست کے وزیراعلیٰ کے نام  میمورنڈم کو بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے وصول کیا اور ڈپٹی کمشنر کی معرفت سے ریاست کےوزیراعلیٰ کو روانہ کرنے کا یقین دلایا۔

جے ڈی ایس کی طرف سے  پانڈو نائک، جوسف،ایوب خطیب، سالم شاہ بنددری  و دیگر کافی لوگ موجود تھے۔

 


Share: